مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ علماء مکتبِ اہل بیت پاکستان کی مرکزی کابینہ کا اہم اجلاس مرکزی صدر حجت الاسلام حسنین عباس گردیزی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں لبنان، فلسطین اور یمن سمیت مستضعفین جہاں کی حمایت پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں مجلسِ علماء مکتبِ اہل بیت پاکستان کی جانب سے خصوصی طور پر یمن کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور حمایت کا اعلان کیا گیا۔
مجلسِ علماء مکتبِ اہل بیت پاکستان نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم یمنی عوام اسلام، مقدساتِ اسلامی، کعبہ و مسجد الحرام کے احترام اور مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت کا اظہار کرتے رہے ہیں؛ لہٰذا مسلمان عوام کسی پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں اور یمن کے مظلوم عوام کی حمایت جاری رکھیں۔
مجلس نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کسی ایسے اقدام، پالیسی یا بین الاقوامی عمل کا حصہ نہ بنے جس کے نتیجے میں یمن کے مظلوم عوام کے خون سے پاکستانی قوم کا دامن داغ دار ہو۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی ہمیشہ امن، خودمختاری، انسانی حقوق اور مظلوم اقوام کی حمایت کے اصولوں پر مبنی ہونی چاہیے۔
مجلسِ علماء مکتبِ اہل بیت پاکستان نے واضح کیا کہ فلسطین، یمن، ایران،لبنان اور دنیا کے دیگر مظلوم انسانوں اور اقوام کے ساتھ ہمدردی اور ان کے بنیادی انسانی حقوق کی حمایت ایک اخلاقی اور انسانی ذمہ داری ہے۔
مجلس نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے، جنگ کے خاتمے اور بے گناہ شہریوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
مرکزی کابینہ نے آئمہ جمعہ کو بھی ہدایت جاری کی کہ جمعہ کے خطبات میں مظلومین جہاں خصوصاً یمن کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی اور ان کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر انداز میں آواز بلند کریں۔
آپ کا تبصرہ